ایشز سیریز: آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 251 رنز سے ہرادیا


نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کی تباہ کن بولنگ کے باعث ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 251 رنز سے ہرادیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم 284 رنز بناسکی۔ اسٹیو اسمتھ 144 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں انگلش ٹیم نے 374 رنز بنائے اور اسے 90 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

مہمان آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیو اسمتھ اور میتھیو ویڈ نے شاندار کھیل پیش کیا اور دونوں نے سنچریاں بنائیں، اسٹیو اسمتھ نے پھر 142 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 487 رنز بناکر ڈکلیئر کردی جب اس کی 3 وکٹیں باقی تھیں اور یوں انگلینڈ کو 398 رنز کا ہدف ملا۔

میچ کے آخری روز انگلش ٹیم نے 398 رنز کے تعاقب میں 13 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ آغاز کیا تو نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کی شاندار بولنگ کے سبب انگلش ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں انگلش ٹیم 251 رنز کے بڑے مارجن سے میچ ہار گئی۔

نیتھن لائن نے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے اسٹیو اسمتھ مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ اس جیت کے بعد 5 میچز کی سیریز میں آسٹریلیا نے 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں