حقیقی زندگی میں اداکاری نہیں کرپاتی: حرا مانی


ڈرامہ سیریل ‘دو بول’ سے مقبول ہونے والی ٹی وی اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہےکہ وہ اپنی حقیقی زندگی میں اداکاری نہیں کرپاتیں اور نہ ہی کوئی دکھاوا کرتی ہیں۔

اداکارہ حرا مانی نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین کو اردو میں انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

حرا کا کہنا تھا کہ وہ حقیقی زندگی میں بہت حساس ہیں ان سے ایکٹ (اداکاری) نہیں ہوپاتی، دکھاوا بھی نہیں کیا جاتا۔

حرا نے کہا کہ ‘اگر میں ایلن کے شو میں بھی جاؤں گی تو ان سے کہوں گی کہ میرے ساتھ ٹرانسلیٹر بٹھادو، میں انگریزی نہیں بولوں گی کیونکہ حرا مانی ایسی ہی ہے’۔

فیملی اور کیرئیر کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ فیملی کے ساتھ کام کرنا کہنے میں آسان ہوتا ہے لیکن جب آپ اس میں ہوتے ہیں تو پتا چلتا ہے یہ ایک مشکل کام ہے۔

حرا کا کہنا تھا کہ پسند کا کام کرنے میں ہمارے معاشرے میں عورتوں کو تھوڑا احساس جرم زیادہ ہوتا ہے، مجھے احساس رہتا ہے کہ میں اپنا شوق پورا کرنے کے لیے آئی ہوں، میرے بچے گھر پر ہیں تو آسان نہیں ہوتا’۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے کیرئیر یا زندگی سے متعلق کچھ سوچا نہیں ہے جو ہو رہا وہ ہونے دیتی ہوں، لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ کا اگلا پلان کیا ہوگا، میں ہنستی ہوں اور کہتی ہوں، میرا پلان مزمل (بیٹے) کو جمناسٹک سیکھانا چاہتی ہوں۔

حرا مانی کا اسٹارز کی عام زندگی سے متعلق کہنا تھا کہ اسٹار ٹی وی اسکرین کی حد تک ہوتا ہے، اداکار کے لیے اداکاری کرنا ایک کام ہے، جیسے ڈاکٹرز انجینیئرز اپنا کام کرتے ہیں اور گھر آجاتے ہیں، ایسے ہی اداکار کرتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ میں گھر آکر وہی عام انسان ہوتی ہوں، وہی گھر کے تمام کام کرتی ہوں لہٰذا اداکار کا کام بھی ٹی وی کی حد تک محدود ہوتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں