ملکی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے: شہبازشریف


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہےکہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کے سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں 56 سینیٹرز نے شرکت کی جب کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت 7 ارکان قومی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر نظام میں بہتری لائیں، عام آدمی پرزندگی تنگ ہوچکی ہے، آج عام آدمی کو ضروریات پوری کرنا مشکل ہورہی ہیں، روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ بیروزگاری انتہا کو چھورہی ہے، فیکٹریوں کو تالے لگ گئے، دکانوں سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے، مزدور اپنے مالکان کی منتیں کرنے پرمجبور ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی، معاشی ٹیم مذاق بن گئی ہے، وزیراعظم کوعلم نہیں کہ غریب کس طرح زندگی بسرکررہے ہیں، سیاسی قیدیوں سے جیلیں بھری جارہی ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق سینیٹ میں اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔

اجلاس اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کی زیر صدارت ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک سے متعلق مشاورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے ارکان سینیٹ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں