ہانگ کانگ میں پولیس تشدد کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے


ہانگ کانگ میں ہزاروں افراد پولیس تشدد کے خلاف ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے جس کے باعث صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس تشدد کے خلاف بڑی تعداد میں مظاہرین کالے لباس زیب تن کئے ہانگ کانگ کے وکٹوریا پارک میں جمع ہوئے جہاں سے انہوں نے وان چائی تک مارچ کی۔

مظاہرین نے مارچ کے دوران پولیس تشدد کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے ساتھ ہانگ کانگ میں جمہوری عمل کا مطالبہ کیا۔

اس دوران انسانی حقوق کی تنظیم کے وائس کنوینر بونی لیئنگ کا کہنا تھا کہ ہم پولیس تشدد کے خلاف آزادانہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ پولیس کی جانب سے طاقت کا غلط استعمال نہ صرف جاری ہے بلکہ یہ عمل بڑھتا جا رہا ہے۔

ہانگ کانگ میں پولیس اور مظاہرین ایک بار پھر آمنے سامنے

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب کوئی قابل بھروسہ جج آزادانہ کارروائی کا حکم دے، صرف ایک مکمل رپورٹ تمام جھڑپوں کی تحقیقات اور معلومات دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کے عوام نے ہمیشہ عدالت پر بھروسہ کیا ہے جو اب بھی آزادا ہے کیونکہ ہانگ کانگ کے لیے قوانین اہم ہیں۔

یاد رہے کہ جون کے اوائل میں ہانگ کانگ میں ملزمان کی چین کو حوالگی کے متنازع بل پر احتجاج کی لہر شروع ہوئی تھی جسے بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد حکومت نے معطل کرنے کا اعلان کیا تاہم مظاہرین کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لیم سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں