واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری جہاز یو ایس ایس باکسر نے جمعرات کو دفاعی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے جس سے جہاز اور عملے کو سیکیورٹی خدشات تھے۔
امریکی صدر نے اس حوالے سے مزید تفصیلات دیے بغیر صرف ڈرون کو تباہ کرنے سے آگاہ کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا ایران کی بین الاقوامی پانیوں میں موجود جہاز کے خلاف کارروائی انتہائی اشتعال انگیز اور دشمنانہ ہے، امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ دیگر اقوام کو بھی کہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کے لیے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اپنے جہازوں کی حفاظت کریں۔
امریکی صدر نے دیگر قوموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جہازوں کے ذریعے ایران کی بین الاقوامی تجارت کی مذمت کریں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی ڈرون تباہ کرنے کا واقعہ جمعرات کی صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب امریکی بحری جہاز یو ایس ایس باکسر خلیج میں داخل ہورہا تھا۔
پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا کہ ایرانی ڈرون خطرناک حد تک جہاز کے انتہائی قریب آیا جس کے بعد جہاز نے اپنا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دفاعی ایکشن لیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہےکہ ایران کے پاس ڈرون گرائے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا اور ایران نے گزشتہ ماہ امریکی ڈرون طیارے کو نشانہ بنایا تھا۔
ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکا نے مشرق وسطیٰ میں نہ صرف بحری بیڑے تعینات کررکھے ہیں بلکہ 1500 امریکی فوجیوں کے بعد مزید ایک ہزار فوجی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
خلیج اومان میں جاپان اور ناروے کے آئل ٹینکرز کو مبینہ طور پر نقصان پہنچا اور امریکا نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا