کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم ’ہیر مان جا‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی


جیو فلمز اور آئی آر کے فلمز کے اشتراک سے بنائی جانے والی فلم ’ہیر مان جا‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی۔

رومانس، کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم ’ہیر مان جا‘ کا ٹریلر ریلیز 3 منٹ 2 سیکنڈز پر مشتمل ہے۔

فلم میں حریم فاروق اور علی رحمان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جو اس سے قبل فلم ’پرچی‘ میں بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہو چکے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں حریم فاروق اور علی رحمان کے ساتھ عابد علی، فیضان شیخ اور موجز حسن بھی شامل ہیں جب کہ آمنہ شیخ، احمد علی اکبر اور میکال زوالفقار بطور مہمان اداکار جلوہ گر ہوں گے۔

ٹریلر سے دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حریم فاروق اس مرتبہ ایک چنچل لڑکی ’ہیر‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جب کہ علی رحمان ’کبیر‘ نامی لڑکے کے کردار میں سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔

فلم کی کہانی دو محبت کرنے والوں کے گرد گھومتی ہے جنہیں شادی کرنے کے لیے بہت سے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

ٹریلر میں جاری مکالمے اور مناظر کے ساتھ سب کرداروں کی پہلی جھلک کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور صرف 24 گھنٹے کے دوران ٹریلر کو یوٹیوب پر 10 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔

فلم کا ٹریلر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے حریم فاروق لکھتی ہیں کہ’جتنا دم ٹریلر میں ہے دوست پیروں تلے زمین نکل جائے گی‘۔

فلم ’ہیر مان جا‘ رواں برس عیدالضحی پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں