سابق بھارتی کپتان اور موجودہ وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی اب بھارتی کرکٹ ٹیم میں بطور وکٹ کیپر اولین انتخاب نہیں رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی نے ویسٹ انڈیز کے دورے کیلئے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی ہے، جہاں بھارتی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور3 ون ڈے میچز میں حصہ لے گی۔
بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق دھونی اب وکٹ کیپنگ کیلئے بھارتی ٹیم کا اولین انتخاب نہیں ہیں جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ‘دھونی ویسٹ انڈیز کی سیریز کھیلنے نہیں جارہے’۔
نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنٹ کو ان کے متبادل کے طور پر گروم کیا جائے گا،پنٹ رواں سال اکتوبر میں 22 برس کے ہوجائیں گے ۔
اگلے سال آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ شیڈول ہے اس ایک سال کے عرصے میں نوجوان وکٹ کیپر کو بہت وقت سیکھنے کو مل جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کیلئے 19 جولائی کو بھارتی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب مہندرا سنگھ دھونی بھارتی کرکٹ ٹیم میں بطور کیپر اولین انتخاب نہیں ہوں گے اور رشبھ پنٹ بتدریج ان کی جگہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھونی آنے والے دنوں میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دوروں پر تو ہوں گے یعنی وہ 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ تو ہوں گے لیکن پلیئنگ الیون میں انہیں صرف ضرورت پڑنے پر ہی شامل کیا جائے گا۔ اس دوران دھونی پنٹ کو اپنے تجربے سے مستفید کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین مہندراسنگھ دھونی تنقید کی زد میں ہیں۔