ہیوسٹن)راجہ زاہد اختر خانزادہ)حکومت پاکستان سکھوں کے روحانی پیشوا گرو نانک کی 550ویں سالگرہ کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو سفری اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کررہی ہے یہ بات وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومین ریسورسس ڈیوپلمینٹ ذوالفقار حسین عرف زلفی بخاری نے اپنے دورہ ہیوسٹن کے دوران سکھوں کے گردوارے سکھ نیشنل سینٹر کے دورے میں سکھ کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جسکا انتظام کمیونٹی لیڈر ڈیموکر یٹک پارٹی کے رہنمااور معروف بزنس ٹائیکوں طاہر جاوید نے کیا تھا، زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم نے ٹاکس فورس بنائی تھی وہ اس کے چیئرمین خود بھی بنے اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ خود ان معاملات کو قریب سے دیکھنا چاہتے تھے تاہم وزیراعظم پر کام کا دبا بہت زیادہ تھا جس کے بعد مجھے ان معملات کی ذمہ داری سونپی گئی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سکھ کمیونٹی کے مذہبی سیاحوں کو ویزہ کے عمل کو آسان بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ پوری دنیا سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر انداز میں سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے اور وہ خوش اسلوبی سے اپنی مذہبی رسومات کو ا دا کرسکیں اس موقع پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے زلفی بخاری کی ہیوسٹن میں سکھ نیشنل سینٹر آمد پر انکا زبردست خیر مقدم کیا گیا پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی ، طاہر جاوید اور دیگر مقامی کمیونٹی لیڈران بھی انکے ہمراہ تھے دوسری جانب سکھ کمیونٹی کے معروف رہنمائوں نے وزیر اعظم عمران کی پالسیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر سکھ بزنس کمیونٹی کے رہنماجس میں ڈاکٹر ہردم آزاد سنگھ نے کہا کہ سکھ بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی رکھتی ہے جسکا اظہار انہوں نے ہیوسٹن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے دورہ کے موقع پر بھی کیا تھا انکا کہنا تھا کہ ہیوسٹن سے تقریبآ ایک ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان میں بابا گرونانک کی یوم پیدائش پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ ہم بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی سہولیات فراہم کررہے ہیں اور سکھ کمیونٹی کو بھی سرمایہ کاری کرنے پر خوش آمدید کرینگے اس موقع پر زلفی بخاری اور طاہر جاوید سمیت آنے والے مہمانوں نے گردوارے میں سکھوں کی مذہبی رسومات میں بھی شرکت کی جبکہ سکھ کمیونٹی نے آنے والے مہمانوں میں تحائف بھی پیش کئے