سرفراز کو ٹیسٹ اور ون ڈے کی قیادت سے ہٹانے کی تجویز زیر غور نہیں، پی سی بی


ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے امکانات کو رد کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کا جائزہ ضرور لے رہا ہے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کی قیادت سے انہیں ہٹانے کی فوری طور پر کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

طلعت علی، گرانٹ فلاور، اظہر محمود اور انضمام الحق کو فارغ کیے جانے کا امکان

پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے ہفتے کو جیو کو بتایا کہ کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا استحقاق ہے لیکن ابھی سرفراز احمد کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آئی سی سی میٹنگ کے بعد لاہور جاکر اس بارے میں بات چیت ہوگی۔ کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا کی قیاس آرائیوں میں اس وقت کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ سال پہلے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد شہریار خان نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا تھا۔ اس وقت پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم عالمی نمبر ایک ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ملی جلی ہے۔

برمنگھم سے فون پر بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ ستمبر کے آخر میں سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ کی سیریز ہے۔ ون ڈے میچ دسمبر میں ہوں گے۔ کرکٹ کمیٹی کی 29 جولائی کی میٹنگ میں کپتان کی کارکردگی پر بھی بات ہوگی لیکن کرکٹ کمیٹی مکی آرتھر اور دیگر کوچز اورسلیکشن کمیٹی کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

سرفراز نہیں تو پھر کون ؟؟

انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ میں 9 میں سے 5 میچ جیتنے کے بعد سرفراز احمد کو تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، نہ ہی ہم کوئی جلد بازی میں فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان ٹیم کے تمام کوچنگ اسٹاف کا معاہدہ ورلڈکپ تک کا تھا، اب نئے سرے سے تقرریاں ہوں گی جس کیلئے ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ، بیٹنگ کوچ اور دوسرے عہدوں کے لیے اگلے چند روز میں اشتہار جاری کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہارکرنے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی ازسرنو درخواست دینی ہوگی۔ پی سی بی کے رولز کے مطابق ایک لاکھ روپے سے زیادہ تنخواہ پانے والوں کے تقرر سے پہلے اشتہار دینا لازمی ہے، جس کے بعد انٹرویوز کے ذریعے تقرر کیا جاتا ہے۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 جولائی کو طلب کیا گیا ہے، ایم ڈی وسیم خان اور مصباح الحق لاہور میں ہوں گے جبکہ کمیٹی کے سب سے ہیوی ویٹ رکن وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی شریک ہوں گے، محسن خان کے استعفے اور وسیم خان کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری کے بعد یہ کرکٹ کمیٹی کا پہلا لیکن انتہائی حساس نوعیت کا اجلاس ہے، جس میں ورلڈ کپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا


اپنا تبصرہ لکھیں