عمران خان نے وزیراعظم بن کر ملک بند کرنے کے اعلان پرعملدرآمد کیا: سراج الحق


جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بن کر پاکستان کو بند کرنے کے اعلان پر عملدرآمد کردیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کا پہلا سال ناکام گزرا، حکومت ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی اور ملک کی عوام پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں سے ناخوش ہے، موجودہ حکومت بھی سابق حکومتوں کا ایک تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پورے ملک میں تاجروں نے ہڑتال کی اور کراچی سے چترال تک ملک بند تھا، عمران خان نے وزیراعظم بن کر پاکستان  بند کرنے کے اعلان پر عملدرآمد کیا۔

ٹیکس نفاذ کیخلاف ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال

ان کا کہنا ہے کہ گونگے اور بہرے حکمران عوام کی آواز نہیں سُن رہے بلکہ وزیر اطلاعات نے تاجروں کا مذاق اڑایا، اس ہڑتال میں کسی سیاسی جماعت کا دخل نہیں تھا، حکومت کی جانب سے برآمدی اشیاء پر ٹیکس بڑھا کر درآمدات کا دروازہ کھولا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت صرف تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، غریب آدمی اب کیسےکھانا کھائے گا؟ حکومت نے پشاور میں روٹی کی قیمت 15 اور نان کی 20 روپے مقرر کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو متحد کرنے اور ایوانوں سے باہر لانے کا کردار حکومت کا ہے، حکومت کا اپنا رویہ اپوزیشن سے زیادہ ان کے لیے مسئلہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انجمن تاجران پاکستان کی اپیل پر ملک بھر کے تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جس کے باعث ملک میں کئی بڑی اور چھوٹی مارکیٹیں بند رہیں


اپنا تبصرہ لکھیں