رواں برس کے اوائل میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ 10 سال (ٹین ایئرز) چیلنج مقبول ہوا جس میں متعدد صارفین اور اسٹارز نے ماضی اور حال کی تصاویر شیئر کیں لیکن اس کے بعد اب ’بوتل کیپ چیلنج‘ کے چرچے ہیں۔
بوتل کیپ چیلنج کو سوشل میڈیا پر ایک عام صارف نے متعارف کیا جس کے بعد یہ چیلنج ہالی وڈ ایکشن اداکار جیسن ستاتھم نے کیا اور ان سے متاثر ہوکر اسے بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے کیا، دونوں اسٹارز کو دیکھ کر پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اس چیلنج کا حصہ بنیں اور اسے پورا کردکھایا۔
بوتل کیپ چیلنج میں 360 ڈگری تک سلو موشن میں گھوم کر کِک کی مدد سے بوتل پر لگے کیپ کو کھولنا ہوتا ہے لیکن خیال رکھنا ہے کہ بوتل کا کیپ کھولتے وقت بوتل نہ گر پائے، چیلنج کو کچھ ہی سیکنڈز میں مکمل کرنا ہوتا ہے۔
یہ چیلنج مہوش حیات کو ان کے بڑے بھائی اور اداکار دانش حیات نے کیا جسے اداکارہ نے فوراً تسلیم کرلیا۔
مہوش حیات نے ٹرکس کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی سے بوتل پر ایسی کِک لگائی کہ کیپ آسانی سے کھول دیا اور چیلنج مکمل کردیا۔
مہوش حیات نے چیلنج مکمل کرنے کے بعد اس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی اور بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی چھوٹی بہن کو کبھی ہلکا نہیں لینا‘۔
بعدازاں اداکارہ نے بوتل کیپ کا چیلنج اداکار اظفر رحمان اور اسد صدیقی کو کیا جن کے ساتھ انہوں نے حال ہی میں فلم ’چھلاوا‘ میں کام کیا ہے۔
اظفر رحمان نے مہوش حیات کے چیلنج کو تسلیم کرنے کی کوئی یقین دہانی تو نہیں کرائی لیکن تبصرے میں مہوش حیات کی ہمت کو داد دی۔
جب کہ اداکار عدنان صدیقی نے تو اداکارہ کو ہانگ کانگ امریکی مارشل آرٹ اداکار بروس لی کی بہن قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ مہوش حیات کو رواں برس یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی فلم انڈسٹری میں ‘نمایاں کارکردگی’ پر ‘تمغہ امتیاز’ سے نوازا گیا تھا جس پر انہیں کافی سراہا گیا جب کہ مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔