سلیکٹڈ وزیراعظم ملکی معیشت، اقدار اور قوت تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں: بلاول


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملکی معیشت، اقدار اور قوت تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔

یوم سیاہ کے موقع پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا، ضیاء نے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کی لعنت سے ملک میں نفرت، لسانیت اور مذہبی منافرت کے بیج بوئے، یہ سب کچھ اس لیے کیا گیا تاکہ معاشرہ اپنی جمہوری و معاشی استعداد سے محروم ہو جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی، جمہوریت بہترین انتقام کے نعرے تلے آمریتی عناصر اور ان کے سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے ہر ادارے کو اپنی طرح سلیکٹڈ بنانے پر تُلے ہوئے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم ملکی معیشت، اقدار اور قوت تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کے خلاف انتقامی کاروائیاں 5 جولائی 1977 کا تسلسل ہیں، آمریتی عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے، کچھ بھی کرلیں، آخری فتح پاکستانی عوام کی ہوگی، ہم ملک میں غربت، افلاس اور معاشی تباہی کو بونے والوں کو شکست دےکر پاکستان کو بچائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں