وہ وقت دور نہیں جب عمران خان سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائیگا: شہباز شریف


لاہور: مسلم لیگ (ن)  کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔

کوٹ لکھپت جیل کے باہر اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آؤ اور کارکنوں کو نواز شریف سے ملنے دو۔

شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘عمران خان اتنا بوجھ اٹھاؤ جس کا کل حساب دے سکو، وہ وقت دور نہیں جب تم سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا’۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پروانوں کو ملاقات کا موقع نہیں دیا جارہا، صرف خاندان کے 5 لوگوں کو ملنے کی اجازت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک و قوم کی خدمت کی، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور سی پیک دیا، نواز شریف سے ملاقات نہ کرانا عمران خان کی فاشسٹ ذہنیت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناءاللہ اور سلمان رفیق کو تمام سہولیات سے محروم کیا جارہا ہے، عوام اور کارکن حوصلہ رکھیں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں