بھارت کا بنگلا دیش کو جیت کے لیے 315 رنز کا ہدف


برمنگھم: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو جیت کے لیے 315 رنز کا ہدف دیا ہے۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہل نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 180رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، بھارتی بلے باز روہت شرما نے ایک بار پھر سنچری اسکور کی، اوپنر کی حالیہ ورلڈکپ میں  یہ چوتھی سنچری ہے۔

روہت شرما 104رنز بنا کر سومیا سرکار کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے جب کہ کے ایل راہول بھی 77رنز کی اننگز کھیل کر روبیل حسین کا شکار بنے۔

بھارت کے بائیں ہاتھ کے بلے باز ریشبھ پینٹ نے 48 اور ایم ایس دھونی نے 35 رنز بنائے جب کہ ویرات کوہلی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شکیب الحسن اور روبیل حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ایونٹ میں بقا کے لیے بنگلادیش کو آج کا میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں بنگال ٹائیگرز ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اسے سیمی فائنل میں سیٹ پکی کرنے کے لیے ایک جیت درکار ہے۔

اتوار کے روز اسی گراؤنڈ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں ٹورنامنٹ کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں