برمنگھم: کرکٹ ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کے 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان ہر 306 رنز بناسکی۔
برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا۔
دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ پر 160 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
جیسن روئے 66 رنز بنا کرکلدیپ یادیو کا شکار بنے جس کے بعد 205 کے مجموعے پر جونی بیرسٹو بھی 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 109 گیندوں پر مشتمل اننگز میں بیرسٹو 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔
کپتان اوئن مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوئے روٹ اور اسٹوکس نے شاندار کھیل پیش کیا جس کی بدولت انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔
میزبان انگلینڈ کی جانب سے جونی بیرسٹو 111، بین اسٹوکس 79 اور جیسن روئے 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کے محمد شامی نے 5، بھمرا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو آج لازمی بھارت کو زیر کرنا ہوگا اور شکست کی صورت میں انگلش ٹیم ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہے جب کہ بھارت کی کامیابی اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔
آج کے میچ میں بھارتی ٹیم کی جرسی تبدیل ہے، دونوں ٹیموں کی وردیاں نیلی ہونے کی وجہ سے آئی سی سی قوانین کے مطابق میزبان ٹیم کی وردی وہی رہے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے اب بھی 3 میچز باقی ہیں، بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لیے ایک کامیابی درکار ہے۔
انگلش ٹیم 7 میچز کھیل چکی ہے اور اس کے 8 پوائنٹس ہیں، انگلینڈ کے پاس دو میچز ہیں اور سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اسے اپنے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے۔
پاکستان کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا دار و مدار انگلینڈ کی ایک شکست اور بنگلادیش کے خلاف میچ میں کامیابی پر منحصر ہے۔