لاہور:
معروف اداکار و ہدایت کار شمعون عباسی نے نئی آنے والی فلم ’دہلی گیٹ‘ میں اپنے کردار سے متعلق پردہ اٹھادیا۔
شمعون عباسی نے فلم ’دہلی گیٹ‘ میں اپنے کردار سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں میرا کردار ولن کا ہے جس کا نام ملک گولڈ ہے، لیکن محبت کی کہانی بھی اسی کے گرد گھومتی ہے، در حقیقت فلم میں نظر آنے والا شخص امیر ترین اور سونے کا شوقین ہوتا ہے
شمعون عباسی نے کہا کہ ویسے تو میں پہلے بھی کئی فلموں میں ولن کا کردار ادا کر چکا ہوں لیکن اس فلم میں میرا کردار منفرد ہے کیوں کہ بطور اداکار میں کوئی کردار ادا کرنے سے قبل اس کو باریکی سے دیکھتا ہوں پھر ہامی بھرتا ہوں۔
اداکار نے فلم کی کہانی کے حوالے سے کہا کہ ہم میں سے بہت سے لوگوں کو تاریخی دہلی گیٹ اور اندرونی شہر لاہور کے گرد رہنے والوں کی تاریخ کے بارے میں معلوم نہیں ہوگا۔ لہذہ فلم میں اس شہر کے حسن اور رنگا رنگ ثقافت کو دکھایا جائے گا جو دیکھنے والوں پر سحر طاری کردے گا، جب کہ فلم کی کہانی نہ صرف محبت سے بھر پور ہے بلکہ اس میں ایکشن اور مار دھاڑ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ندیم چھیمہ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم’ دہلی گیٹ‘ کو کمال پاشا نے تحریر کیا ہے۔ جس میں شمعون عباسی کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے یاسر خان اور سوزین مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ فلم اگلے سال 2020 کے اوائل میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔