وسیم اکرم کے مشوروں سے میچ میں کافی مدد ملی: شاہین شاہ آفریدی


برمنگھم : نیوزی لینڈ کے خلاف تباہ کن بولنگ کرنے والے فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل وسیم اکرم کے مشوروں نے کافی مدد کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ وسیم اکرم کو فالو کرتے ہیں اور ان جیسا بولر ہی بننا چاہتے ہیں اور میچ سے قبل وسیم اکرم کے مشوروں سے میچ میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کے علاوہ وہ اپنے بھائی ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی سے بھی بہت کچھ سیکھتے ہیں، میچ سے قبل بھائی نے لائن اور لینتھ بہتر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ 2019 میں سفر کو دیکھ کر ہر کوئی اس کو 1992 ورلڈکپ کی کارکردگی سے ملا رہا ہے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ان باتوں سے فرق نہیں پڑتا ۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وہ تو 1992میں پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تو انہیں اندازہ ہی نہیں کہ 27 سال پہلے کیسا ماحول تھا تاہم انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اس سال یہ ضرور محسوس کرنا چاہیں گے کہ ورلڈکپ جیت کر کیسا لگتا ہے۔

19 سالہ شاہین آفریدی نے مزید کہا انہیں اُمید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اپنے باقی دونوں میچز جیت کر سیمی فائنل تک جگہ ضرور بنائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں