ٹرمپ کی ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی وائٹ ہاؤس کی ذہنی پسماندگی قرار


تہران: حسن روحانی نے ٹرمپ کی ایران کو حملے کی صورت میں نیست و نابود کرنے کی دھمکی کو وائٹ ہاؤس کی ذہنی پسماندگی قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے خامنہ ای پر نئی پابندیوں کے عملی اثرات نہیں ہوں گے کیونکہ خامنہ ای کے یورپ میں کوئی اثاثے نہیں ہیں۔

ایرانی صدر نے وائٹ ہاؤس کے ایکشن کو اس کی ذہنی پسماندگی قرار دیا اور کہا کہ تہران کی متحمل حکمت عملی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہم ڈرے ہوئے ہیں۔

واضح رہےکہ امریکا نے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای اور وزیر خارجہ جواد ظریف پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ ایران نے اگر تصادم ہوا تو اسے نیست و نابود کردیں گے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کو یک طرفہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ایران نے گزشتہ دنوں امریکی ڈرون طیارہ بھی مار گرایا تھا جسے ٹرمپ نے ایران کی بہت بڑی غلطی قرار دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں