برمنگھم :پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ کبھی کبھار کرکٹ ٹیم پر اس قدر منفی باتیں ہونا شروع ہوجاتی ہےکہ بندہ سوچتا ہے کہ اس سے بہتر ہے زہر ہی کھالیا جائے۔
ایجبیسٹن میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اظہر محمود نے کہا کہ کبھی کبھار مثبت رہنا بھی ضروری ہے، ہر وقت منفی باتوں سے پلیئرز پر بھی دباؤ آجاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سارے میچز جیتی ہے لیکن ہر ٹیم کا ایک برا دن ضرور آتا ہے، اُمید ہے نیوزی لینڈ کیلئے وہ دن پاکستان سے میچ میں ہو۔
ایک سوال پر سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کوئی پلیئر جان بوجھ کر کیچ ڈراپ نہیں کرتا، کوشش ہورہی ہے کہ اعتماد بحال کیا جائے، پچھلے میچ میں گراؤنڈ فیلڈنگ اچھی تھی لیکن کیچز ڈراپ ہوگئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اظہر محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف کافی کرکٹ کھیلی ہے اور اس حریف کی طاقت اور کمزوری کا اندازہ ہے، پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے تینوں شعبوں میں اچھا کھیلنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر جاری ہے اور اُمید ہے کہ ٹیم باقی میچز بھی جیتے گی۔
سابق آل راؤنڈر نے عندیہ دیا کہ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف بغیر تبدیلی کے ہی میدان میں اترے گی لیکن ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ ابھی وکٹ نہیں دیکھی، صبح کنڈیشن دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اظہر محمود نے حسن علی کے حوالے سے بات کرتے ہوئےکہا کہ حسن علی سے وکٹیں نہیں لی جارہیں لیکن اُمید ہے کہ وہ جلد بہتر فارم میں آجائیں گے۔