لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک اور دیگر کھلاڑیوں کی پاک بھارت میچ سے ایک رات قبل کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کی تردید کردی۔
پی سی بی کی جانب سے شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی دیگر قومی کرکٹرز کے ساتھ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پر وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ کھلاڑی میچ سے دو روز قبل فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ کی اجازت سے باہر گئے تھے اور یہ ویڈیو اسی روز کی ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق کھلاڑی میچ کی رات ہوٹل میں ہی موجود تھے اور کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی۔
بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیں گے، ورلڈکپ کے بعد کپتان، سلیکٹرز اور کوچزکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائےگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی اگلی کمٹمنٹ ستمبر اور اکتوبر میں ہے، سوچ سمجھ کر فیصلے ہوں گے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔
یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہمراہ دیگر قومی کرکٹرز کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ تنازع کھڑا ہوا کہ کھلاڑی پاک بھارت میچ سے ایک رات قبل ہوٹل میں موجود تھے اور اس حوالے سے کرکٹرز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق قومی کھلاڑیوں اور شائقین نے پی سی بی سے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کرنے پر قومی ٹیم کے خلاف ایکشن کی درخواست کی تھی۔
قومی ٹیم کا اگلا میچ 20 جون کو افریقا سے ہوگا
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم آج مانچسٹر سے لندن روانہ ہوجائے گی جہاں سفر کے بعد ٹیم 2 روز آرام کرے گی جس کے بعد ٹیم 20 جون سے جنوبی افریقا کے خلاف میچ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کےدرمیان میچ 23 جون کو کھیلا جائےگا۔
ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے پوائنٹس
گرین شرٹس اب تک ایونٹ میں اپنے 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں اُسے 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔
قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان اگر اپنے اگلے چاروں میچز جیتے تو اس کے 11 پوائنٹس ہوں گے۔
نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور بنگلادیش آگے آنے والے میچز نہ جیتیں اور ویسٹ انڈیز بھی کم از کم دو میچز ہار جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے، ورنہ قومی ٹیم کی وطن واپسی ہوگی۔