بھارت کو ہرائیں گے، میں کسی دباؤ میں نہیں ہوں، شعیب ملک


بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ سے قبل ٹیم انتظامیہ نے آل راؤںڈر شعیب ملک پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، شعیب ملک بھی پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس میچ کو بھی عام میچوں کی طرح لوں گا۔

شعیب ملک نے کہا کہ بھارت کو ہرائیں گے، میں کسی دباؤ میں نہیں ہوں، نارمل انداز میں کھیل کر کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، بھارت کے خلاف میچ میں کوئی پریشر نہیں ہے۔

پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی: مکی آرتھر

انہوں ںے کہا کہ یہ میرے لیے بس ایک اور میچ ہے، کوئی دباؤ نہیں، بنیادی چیزوں پر توجہ ہے اور اچھا کرنا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب کپتان سرفراز احمد نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ آپ نے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا ہے اور اب بھارت کے خلاف میچ میں بھی ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے، ہم اس میچ کیلئے تیار ہیں اور اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کریں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں اور جیتیں۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ اگر ہم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی دکھائی تو ہم بھارت کو ہراسکتے ہیں۔ والدہ مجھے ہمیشہ بھارت کے خلاف اچھا کرنے کو کہتی تھیں ان کی یاد آئے گی۔ بیٹ اور گیند ہاتھ میں ہوں تو سب میچ برابر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے، کوشش کروں گا کہ اچھا پرفارم کروں۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ کہا انشاء اللہ ہم جیتیں گے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ میری فارم اچھی جارہی ہے، کوشش کروں گا کہ اسے برقرار رکھوں اور فارم کا فائدہ اٹھاوں۔

اوپنر فخر زمان نے کہا کہ کوشش کروں گا رنز کرکے ناکامیوں کا ازالہ کروں۔ عماد وسیم نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

امام الحق نے کہا کہ مجھ پر میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہے، بغیر کسی خوف کے کھیلیں گے، اس ٹیم میں یقین اور اعتماد ہے اسی پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

شاداب خان،حسن علی اور بابر اعظم نے کہا کہ ہم میچ کیلئے پرجوش ہیں اور کچھ نیا کرنا چاہتے ہیں۔

بھارت کے خلاف پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑی یہ ہوں گے۔ سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر۔


اپنا تبصرہ لکھیں