وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور آصف زرداری حکومت میں نہیں آ سکتے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا جون سے پہلے جھاڑو پھرنے کا کہا تھا، 15 دن میں مزید جھاڑو پھر سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا جس نے گاجریں کھائی ہیں نیب انہیں پھکی دے، چاہے وہ حکومت سے ہی کیوں نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر اور سابق وزیراعظم کا بیک وقت جیل میں ہونا گنیز ریکارڈ ہے، پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے اور شہادتیں دے رکھی ہیں اور ایک دوسرے کے سلطانی گواہ بھی ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومت نہیں آسکتی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور فریال تالپور کو ڈھیل ہے لیکن ڈیل نہیں ہو سکتی۔
شیخ رشید نے کہا کہ بلاول کو سب پہلے والد اور پھوپھی کے خلاف تحریک چلانی چاہیے، زرداری، شہباز اور حمزہ کے خلاف مضبوط شہادتیں ہیں، ممکن ہے ٹکٹکی پر چڑھ جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں جان نہیں ہے، 20 سے 25 ایم این ایز کے ریفرنس آخری مراحل میں ہیں