کولمبو: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مختصر دورے پر سری لنکا پہنچ گئے جہاں وہ اپنے ہم منصب سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
نریندر مودی کا انتخابات میں کامیابی کے بعد سری لنکا کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے جہاں کولمبو ائیرپورٹ پر سری لنکن ہم منصب رانل وکرم سنگھے نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں رہنما صدارتی سیکرٹریٹ پہنچے جہاں مہمان وزیراعظم کو سرکاری طور پر خوش آمدید کہا جائے گا۔
بھارتی وزیراعظم سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا سے بھی ملاقات کریں گے جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نریندر مودی اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر مہندا راجا پاکسے اور دیگر سرکاری وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور کولمبو میں بھارتی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے جس کے بعد وہ آج شام کو ہی واپس اپنے وطن لوٹیں گے۔