پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) میں انتخابات 20 دن کے لیے ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے خطرات موجود ہیں اور افغانستان سے دہشت گردی کی کارروائیوں کا خطرہ ہے۔
خط کے متن کے مطابق سیاسی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کے حوالے سے خدشات موجود ہیں اس لیے انتخابات 2 جولائی کے بجائے 20 دن کے لیے ملتوی کیے جائیں۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں حالیہ واقعات کے باعث بھی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
صوبائی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے حوالے سے تاحال الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب نہیں آیا۔
یاد رہے کہ صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں، 4 خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیت کی ایک نشست کے لیے 2 جولائی کو ضم شدہ اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔
خط کا عکس