نیند اسی طرح ضروری ہے جیسا کہ زندہ رہنے کے لیے کھانا ،پینا ،لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ کس طرح کاکھانا․․․؟اور کس قسم کا پینا․․․؟اس میں کوئی شک نہیں کہ اچھا کھانا اور بروقت کھانا،کام کا دورانیہ اور کھانے کے اوقات صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ایک صحت مند زندگی گزارنے کے لیے اچھی نیند بھی اتنی ہی ضروری ہے جتناکہ خوراک اور ورزش۔
طبی ماہرین عام طور پر ایک صحت مند نوجوان کے لیے سات سے نوگھنٹے کی نیند ضروری سمجھتے ہیں ۔
اچھی اور پر سکون نیند کا تعلق غذا سے بھی ہے۔نیند کے لیے کھانے کے اوقات بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔
بہتر ہے کہ کھانا سونے سے تین گھنٹے قبل کھایا جائے۔جب سونے جارہے ہوں تو لذیذ اور چٹ پٹی چیزیں کھانے سے گریز کریں ۔رات کے اوقات میں قدرتی طور پر نظام انہضام سست ہوجاتا ہے اور اس قسم کا بھاری کھانا نظام ہضم کے لیے گراں ہو سکتا ہے ۔
اگر رات کو دیر تک جاگنا ہو اور اس دوران بھوک بھی محسوس ہورہی ہو تو کچھ ہلکا پھلکا کھایا جا سکتا ہے ۔
جو کاربوہائیڈریٹ،اسنیک،کم پروٹین وغیرہ پر مشتمل ہو۔اس سے بھوک ختم ہوجائے گی اور نیند بھی بہتر آئے گی۔
ہر وہ غذا جو صبح یا دوپہر کو نظام انہضام آسانی سے قبول کرتا ہو ضروری نہیں کہ رات کو بھی ایسا ہی ہو۔خصوصاً
گوشت اور پنیر وغیرہ۔رات کے وقت یہ چیزیں کھانے سے نظام ہضم میں خلل واقع ہوسکتاہے۔
مرچ مسالوں والے کھانے جن میں چکنائی سے بھر پور کھانوں کے علاوہ لہسن ،کھیرے وغیرہ رات کے وقت ایک ساتھ کھانے کی وجہ سے بے خوابی ہوسکتی ہے۔
تمباکونوشی سے ناصرف وہ شخص خود بلکہ اس کے اردگرد کے لوگ بھی پریشان ہو سکتے ہیں ”کیونکہ اس میں موجود نیکوٹین بے خوابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سبزیاں جن میں پتوں والی سر سبز یاں وغیرہ ایسی غذا ہیں جنہیں کھانے سے بہتر نیند آتی ہے ۔خصوصاً جب یہ اُبال کر پکائی گئی ہوں ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں میگنیشےئم پائی جاتی ہے اور میگنیشےئم پٹھوں کو سکون دیتی ہے۔
سادہ سلاد کے پتے قدرتی خواب آور اشیاء ہیں۔ ان میں پائی جانے والی مختلف خصوصیات کی بنا پر انہیں صدیوں سے بہتر نیند کے لیے استعمال کیا جاتارہا ہے۔
بہت سی غذائی اشیاء جو مکمل طور پر گندم سے بنی ہوتی ہیں۔ہاضمہ اور نینددونوں کے لیے بہتر ہوتی ہیں۔بہتر نیند کے لیے اُبلے ہوئے آلو بھی مفید ہیں۔کیونکہ اس میں کار بوہائیڈریٹ پایاجاتاہے۔
دہی اور کیلا ایسی قدرتی اشیاء ہیں جن میں ایسے ایسڈ پائے جاتے ہیں جو نیند کے نظام میں بہتری کی خصوصیات رکھتے ہیں۔ان میں وٹامن B3پایاجاتاہے اس وٹامن سے نظام نیند بہتر ہوتاہے۔
پرسکون نیند کے لیے پانچ غذائیں
ماہرین طب کاکہنا ہے کہ ہم نیند کی کمی کا شکار اس وقت ہوتے ہیں جب ہمارے اعصاب پر سکون نہیں ہو پاتے۔
پر سکون اعصاب ہی اچھی نیند لانے کا سبب بنتے ہیں اور اعصاب کو پر سکون رکھنے کے لیے دماغی وجسمانی ورزشیں اور ہلکی پھلکی غذائیں استعمال کی جاسکتی ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ غذائیں شام یا رات سونے سے قبل استعمال کرلی جائیں تو آپ ایک اچھی اور بھر پور نیند سوسکتے ہیں۔
اخروٹ:اخروٹ میں موجود مائنو ایسڈ دماغ میں سیروٹنن اور میلاٹونن نامی مادہ پیدا کرتا ہے جو ہمارے دماغ کو پر سکون بنا کر بہترین نیند لانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند لانے والی بعض دواؤں میں مصنوعی طور پر میلاٹونن کی آمیزش کی جاتی ہے۔لہٰذا ان دواؤں سے بہتر میلاٹونن کاقدرتی ذخیرہ ہے جو اخروٹ کی شکل میں با آسانی دستیاب اور صحت بخش ہے۔
بادام:بادام میں موجود میگنیشےئم دماغی تناؤ کو کم اور سر درد کا علاج کرتا ہے۔یہ دراصل دماغ اور اعصاب کو پر سکون کرتا ہے۔یہی نہیں روزانہ بادام کھانا دماغی کارکردگی اور استعداد میں بھی اضافہ کرتاہے۔
شکر قندی:اگر آپ رات میں بہترین نیند سونا چاہتے ہیں تو شام میں شکر قندی کھائیں ۔یہ نہ صرف ذائقہ دار ہے بلکہ اس میں موجود کاربوہائیڈریٹس اور وٹامن بی 6معدے کی تیزابیت کو ختم کرتے ہیں جس کی وجہ سے آپ سو نہیں پاتے۔
گرم دودھ:رات سونے سے قبل ایک گلاس نیم گرم دودھ پینے کے بعد آپ بستر پر لیٹتے ہی نیند کی آغوش میں چلے جائیں گے۔نہ صرف دودھ بلکہ وہ تمام غذائیں جن میں کیلشےئم موجود ہو جیسے دہی یا پنیر وغیرہ نیند لانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔البتہ ان کے استعمال سے قبل وقت اور موسم کو ضرورمد نظر رکھیں۔صرف نیم گرم دودھ ہر موسم میں استعمال کیا جا سکتاہے۔
کیلے:کیلے میں پوٹاشےئم اور میگیشےئم وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو اعصاب اور پٹھوں کو آرام دہ اور ہلکا پھلکا کرتے ہیں جس کے بعد آپ ایک پر سکون نیند سوتے ہیں