مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ 34 افراد شہید، 5 خواتین کی عصمت دری


سری نگر:

قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 34 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جن میں سے 3 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا اور 5 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق جنت نظیر وادی میں گزشتہ ماہ مئی میں رمضان کے بابرکت مہینے میں بھی قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی اور  مذہبی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ظلم و تشدد کا سلسلہ جاری رکھا۔

مئی کے 31 دنوں میں 34 کشمیری نوجوانوں کو بیدری سے شہید کیا گیا جن میں 3 نوجوان دوران حراست غیر انسانی تشدد کے باعث ہلاک ہوئے جب کہ 156 معصوم شہریوں کو بلاجواز گرفتار کیا گیا۔

قابض بھارتی فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ تمام اخلاقی حدوں کو پار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ 5 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ 601 شہری براہ راست فائرنگ، پیلٹ گن کی گولیوں اور آنسو گیس شیلنگ سے زخمی ہوئے۔

نوجوانوں کو شہید، بزرگوں اور بچوں کو زخمی اور خواتین کی عصمت دری سے قابض بھارتی فوج کا دل نہ بھرا تو 39 مکانوں کو دہشت گردوں کی آماج گاہ بتا کر تباہ کردیا گیا جب کہ ان گھروں میں معصوم خاندان آباد تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جدوجہد آزادی کشمیر کے علمبردار اور مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندی کا استعارہ بننے والے نوجوان شہید برہان وانی کے قریبی ساتھی ذاکرموسیٰ کو بھارتی فوج نے شہید کردیا تھا جس کے بعد سے کشمیریوں پر مظالم کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے


اپنا تبصرہ لکھیں