کراچی میں یوم علیؓ کے جلوس پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش جیکٹ برآمد


کراچی: 

ایسٹ زون پولیس نے یوم علیؓ کے موقع پر دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر لائنز ایریا کے علاقے میں چھاپہ مار کر خودکش جیکٹ برآمد کرلی جب کہ 20 افراد کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے بتایاکہ برآمد کی جانے والی خودکش جیکٹ کو یوم علیؓ کے موقع پر جلوس کو ٹارگٹ کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا ۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جلوس کے شرکا کی حفاظت کی اور شہر کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق برآمد کی جانے والی خود کش جیکٹ کا وزن 6 کلو ہے جسے موقع پر ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ جیکٹ میں دھماکا خیز مواد کے ساتھ نٹ بولٹ کا بھی استعمال کیا گیا تھا تاکہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچایا جا سکے۔ زیر حراست افراد سے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے جرائم کے خلاف کارروائیوں کے لائنز ایریا سے خودکش جیکٹ کی برآمدگی پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی اور ان کی ٹیم کوشاباش دی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں