بجٹ 20-2019؛ آئی ڈی پیز اور دفاعی پیداوار کے لیے مختص فنڈز میں کمی کا امکان


 اسلام آباد: 

مالی سال برائے 20-2019 کے مجوزہ بجٹ میں آئی ڈی پیز اوردفاعی پیداوار سمیت متعدد وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ میں اربوں روپے کی کٹوتی کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے کئی وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 675ارب روپے مختص کرنے کا امکان ہے جب کہ بجٹ میں 250ارب روپے متبادل ذرائع سے پی ایس ڈی پی میں ترقیاتی بجٹ کے طور پرشامل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 20-2019 میں مذہبی امور اور شماریات ڈویژن کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں ایک روپیہ بھی مختص نہ کئے جانے کاامکان ہے۔

انسداد منشیات ڈویژن

رواں مالی سال انسداد منشیات ڈویژن کا ترقیاتی بجٹ 14 کروڑ 70 لاکھ ہے لیکن آئندہ مالی سال اس کے ترقیاتی بجٹ میں ایک کروڑ روپے سے زائد کمی کی تجویز دی گئی ہے اور 20-2019 کے لیے اس مد میں 13 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

دفاعی پیداوار

آئندہ مال سال کے لیے دفاعی پیداوار کا بجٹ 2 ارب 73 کروڑ روپے سے کم کر کے ایک ارب 70 کروڑ روپے کرنے کا امکان ہے۔

گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس

گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس میں 3ارب کی کمی کی تجویز ہے، اس صورت میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کا بجٹ رواں مالی سال 4ارب سے کم کرکے ایک ارب کرنے کا امکان ہے۔

آئی ڈی پیز

خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے قبائلی اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران عاڑجی نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی بحالی کے لئے رواں مالی سال کا بجٹ 33ارب 50کروڑ روپے تھا تاہم آئندہ مالی سال اس میں ایک ارب روپے تک کمی کے بعد 32 ارب 50 کروڑ کرنے کا امکان ہے۔

ہاﺅسنگ و تعمیرات

آئندہ مالی سال کے لئے ہاﺅسنگ و تعمیرات کابجٹ 5 ارب 35کروڑ سے کم کرکے 3 ارب 43 کروڑ روپے تک محدود کئے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ ریلوے

مالی سال برائے 20-2019 کے لیئے ریلویز کا ترقیاتی بجٹ 28 ارب 6 کروڑ سے کم کر کے 14ارب 64 کروڑ تک لانے کی تجویز ہے۔

شاہراہوں کی تعمیر و مرمت

پی ایس ڈی پی میں شاہراہوں کی تعمیر و ترقی کے بجٹ میں 28 ارب سے زائد کی کمی کی تجویز ہے۔ اس طرح ملک بھر میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے بجٹ 185 ارب سے کم ہوکر 157ارب روپے ہوسکتا ہے


اپنا تبصرہ لکھیں