آرشلک پاکستان میں مزید 16 ملین یورو کی سرمایہ کاری کرے گی


کراچی: 

 پاکستان میں ہوم الیکٹرانکس مصنوعات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے ترکی کے سب سے بڑے مینوفیکچررز آرشلک کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر نے پاکستان میں رواں سال مزید 16 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے۔

آرشلک کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر اوگوڑان اوزترک نے 14 سے 16مئی تک پاکستان کا دورہ کیا، اپنے تین روزہ دورے کے دوران انھوں نے کارپوریٹ لیڈرز اور پاکستان میں گھریلو اپلائنسز کے انڈسٹری لیڈر ڈائولینس کی آپریشنل ٹیموں سے ملاقاتیں کیں۔

انھوں نے کہا کہ 2016 میں ڈاؤلینس کے حصول کے بعد آرشلک نے پاکستان میں 36 ملین یورو سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے تاکہ نئی مصنوعات پر تحقیق اور ترقی کے ذریعے پیداوار بہتر بنائی جا سکے اور وہ مصنوعات مارکیٹ کی ضرورتوں کے مطابق ہوں۔

مصنوعات کی ڈیزائننگ اور ڈیزائن کی سہولتوں پر بھی مزید سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ ڈاؤلینس کی وسیع رینج میں اضافے کے لیے نئے آلات اور مشینری بھی لگائی جا رہی ہے، اس کے علاوہ موجودہ کیلنڈر سال2019کے دوران مزید 16 ملین یورو کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

انھوں نے گھریلواپلائنسز کی مارکیٹ سمیت کراچی اورحیدرآباد میں ڈاؤلینس کی مینوفیکچرنگ کی سہولتوں کا دورہ بھی کیا، ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد ڈاؤلینس کی پیش رفت کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنا تھاجس کے لیے جدید مصنوعات کی تیاری اور پاکستان میں اس کی مینوفیکچرنگ کی سہولتوں پر مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

اوگوڑان اوزترک نے پاکستان میں ڈاؤلینس کے پلانٹ اور ترکی، روس، رومانیہ ، تھائی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں آرشلک کے عالمی پلانٹس کے درمیان تیکنکی تعاون پر بھی زور دیا، انھوں نے ڈاؤلینس کی ٹیم کویقین دلایا کے آنے والے دنوں میں آرشلک کی جانب سے ، ڈاؤلینس کی انجنیئرنگ ٹیم کے لیے تیکنکی معلومات اور مہارت کی منتقلی میں تیزی آئے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں