نصاب کے ذریعے بچوں کو منفی رویوں سے آگاہ کیا جائے، شہزاد رائے


کراچی: 

 معروف گلوکار اورزندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزادرائے نے کہا ہے کہ زینب کے اندوہناک واقعے کے بعد کمسن بچی فرشتہ کے ساتھ انسانیت سوز واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ٹرسٹ کی جانب سے لائف اسکل بیسڈ ایجوکیشن کے نام سے پروگرام بنایا جا رہا ہے تاہم پروگرام کا مقصد بچوں میں معیوب رویوں کے حوالے سے اگاہی فراہم کرنا ہے۔

پریس کلب میں کرکٹر یونس خان، اداکارہ زیبا بختیار اور ماہرہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہزاد رائے کا کہنا تھا اب وقت آگیا ہے کہ والدین اور بچوں کے درمیان اس اہم معاملے پر ہم آہنگی ہوبلکہ بچے کے ساتھ ایسے کسی بھی معیوب اور منفی رویے کا برملا اظہارہو،نصابی تعلیم میں شامل مضامین کے ذریعے بچوں کو منفی رویوں کے متعلق آگاہ کیا جائے۔

انھوں  نے اس حوالے سے ٹرسٹ کی جانب سے لائف اسکل بیسڈ ایجوکیشن کے نام سے پروگرام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں روزانہ اس طرح کے 10 سے زائد واقعات رونما ہوتے ہیں،سندھ میں بچوں کے ساتھ منفی رویوں یا زیادتی کے حوالے سے صرف ایک چیپٹر شامل کیا گیا ہے اور سندھ ٹیکسٹ بک میں بچوں کے ساتھ معیوب حرکات کے حوالے سے مضمون کا اضافہ کردیا گیا ہے تاہم اس موضوع کی ضرورت نصابی کتب میں ایک چیپٹر سے زیادہ ہے۔

یونس خان نے کہاکہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی جائے،ہمیں مل کر اس قبیح عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی، اداکارہ زیبا بختیارکاکہنا تھا ملک میں بچوںسے زیادتی کے واقعات کے خلاف کام نہیں ہورہا مگر اب وقت آ گیا ہے کہ اس معاملے پر پرکام کیاجائے۔

اداکارہ ماہرہ خان کاکہنا تھا کہ والدین کو بچوں سے بات کرنی چاہیے، 10بچے ہر روز زیادتی کا شکار ہوتے ہیں،ہمیں شرم آتی ہے،بچوں کو بولنے کا موقع دیا جائے، بچوں کو چپ کروانا زیادتی ہے


اپنا تبصرہ لکھیں