قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی کی کینسر میں مبتلا بیٹی انتقال کر گئی۔
قومی ٹیم کے میڈیا منیجر کے مطابق آصف علی کی کمسن بیٹی کئی ماہ سے بیمار تھی جسے علاج کے لیے امریکا منتقل کیا گیا تھا جو وہاں انتقال کرگئی۔
میڈیا منیجر کے مطابق آصف علی بیٹی کی بیماری کے باوجود بھی پاکستان ٹیم کے لیے دستیاب رہے، دکھ کی اس گھڑی میں ٹیم کے تمام ممبران اُن کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے بیٹسمین آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ‘سرطان میں مبتلا بیٹی کی رحلت پر میں آصف علی اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت انہیں یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائیں’۔