لاہور:
چینی لڑکوں سے شادیوں کے معاملہ میں ایف آئی اے نے عیسائیت کے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والے پادریوں کے خلاف کارروائی روک دی۔
ایف آئی اے نے چینی لڑکوں سے پاکستانی لڑکیوں کی شادیوں کے معاملات کی چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ چینی باشندوں کو عیسائیت کے جو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ان میں سے اکثریت بوگس اور جعلی نکلے، اس سلسلے میں ایف آئی اے نے دو پادریوں کو گرفتار بھی کیا مگر ان سے ملنے والی دستاویزات اور مزید افراد کے ملوث ہونے والے پادریوں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں کچھ گرجا گھروں کے منتظمین نے ایف آئی اے کے حکام سے بات چیت کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ازخود ان کیخلاف کارروائی کریں گے، ایف آئی اے کی چینی شادیوں کے معاملات کی تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان شادیوں میں عیسائی میرج قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں اور یہ کام لڑکیوں کے والدین کی مکمل رضامندی کے ساتھ عمل میں لایا گیا۔
ایف آئی اے نے شادیوں کے معاملات کی مزید تحقیقات کیلیے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن سے بھی رابطہ کیا اور ان سے بھی کچھ کمپنیوں کے بارے میں معلومات مانگی ہیں جنہوں نے لاہور سمیت ملک کے دیگر ائیر پورٹس پر چینی باشندوں کو ان ارائیوال ویزہ دینے کے لیٹرز جاری کیے۔