لاہور:
لالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر یاسر نواز عید الفطر پر شائقین کو رومانوی کامیڈی فلم ”رانگ نمبر2“ کی عیدی دیں گے۔
نامور پاکستانی اداکار سمیع خان، اداکارہ نیلم منیر، جاوید شیخ، ثنافخر اور محمود اسلم سمیت دیگر فنکاروں پر مشتمل فلم’’رانگ نمبر2‘‘ کی تشہیری مہم زوروں سے جاری ہے۔ عید الفطر پر شائقین کو معیاری تفریح فراہم کرنے کیلئے ڈائریکٹر یاسر نواز نے اپنی سپر ہٹ فلم ”رانگ نمبر“کا سیکوئل تیار کیا ہے جسے ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے عید الفطر پرلاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سنیماؤں کی زینت بنایا جائے گا۔
فلم کے مرکزی اداکاروں نے شائقین سے ملاقات کیلئے گذشتہ دنوں کراچی کے مختلف سنیما گھروں کے دورے کئے جہاں مداحوں نے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ساتھ دل کھول کر سیلفیاں بھی بنائیں۔ ٹریڈ حلقوں کے مطابق ”رانگ نمبر2“ کے ٹریلر اور پہلے گیت کو شائقین کی جانب سے جس طرح کا رسپانس ملا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیملی تفریح سے بھرپورفلم ”رانگ نمبر2“ عید الفطر پر باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس کرے گی کیونکہ دلچسپ و مضبوط اسکرپٹ کے ساتھ ساتھ باصلاحیت فنکاروں پر مشتمل اسٹار کاسٹ نے کہانی کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔
فلم میں ٹی وی کی معروف فنکارہ یشمہ گل کا مہندی فنکشن کے حوالے سے خصوصی ڈانس نمبربھی شامل ہے جس کی ویڈیو جلد ریلیز کی جائے گی