سحر و افطار میں کھجور کھانا کیوں مفید ہے؟


آج سے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں رمضان کا آغاز ہوگیا ہے، رواں برس چونکہ یہ مقدس مہینہ شدید گرمی کے موسم میں آیا ہے، ایسے میں روزے کی حالت میں روزمرہ کے کام کرنا کچھ مشکل معلوم ہوتا ہے، جلد ہی تھکن محسوس ہوتی ہے اور قوت مدافعت کے متاثر ہونے کا احساس ہونے لگتا ہے۔

لیکن اگر روزے کی حالت میں بھی آپ دن بھر توانا رہنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں کھجور کا استعمال بڑھا دیں کیونکہ کھجور دوا بھی ہے اور بہترین غذا بھی۔

کھجور کی افادیت سنت رسولﷺ اور سائنسی اعتبار سے بھی ثابت ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق کھجوروں میں وافر مقدار میں پروٹین، کاربو ہائیڈریٹس، فائبر، وٹامن سی، وٹامن کے اور دیگر غذائی خصوصیات شامل ہوتی ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ کھجوروں کو روزانہ اپنی خوراک میں ضرور شامل کرنا چاہیے، خصوصاً سحری میں اگر 5 سے 6 کھجوریں کھالی جائیں تو دن بھر جسم میں توانائی برقرار رہے گی۔

کھجور کی افادیت سنت اور سائنسی اعتبار سے بھی ثابت ہے—.فائل فوٹو

کھجور کے فوائد

کھجور میں بے شمار حیرت انگیز فوائد موجود ہوتے ہیں، جو درج ذیل ہیں۔

  • کھجور خون میں اضافہ کرتی ہے جو جسم کی قوت و طاقت بڑھاتی ہے اور اس سے دن بھر تھکن کا احساس بھی کم ہوتا ہے۔
  • چونکہ کھجور میں وافر مقدار میں فائبر پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ نظامِ ہضم کو درست رکھتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی ہونے سے بچاتا ہے۔
  • کھجور میں زیرو کولیسٹرول پایا جاتا ہے، جس کے باعث یہ دل کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
  • کھجور قبض اور معدے کی تیزابیت کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جس سے معدہ درست طور پر کام کرتا ہے۔
  • نارتھ ڈیکوتا اسٹیٹ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق کھجور میں تانبے (copper) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کو طاقت بخشتی ہے، ساتھ ہی اس میں ‘بورون’ بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیاں مضبوط بناتا ہے۔
  • کھجور کو بطور خوراک کھانا بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے کے لیے بھی مؤثر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں