پوشف اسٹروم:
پاکستانی ویمنز ٹیم نے امیدوں کا محل خود ہی مسمار کردیا، دوسرے ون ڈے میں بیٹنگ لائن کے دغا دینے سے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 8 وکٹ سے شکست ہوگئی۔
آئی سی سی چیمپئن شپ کے تحت کھیلی جانے والی سیریز کے ابتدائی میچ میں شاندار کامیابی کے بعد اچانک پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن دغا دے گئی، جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 8 وکٹ سے شکست کی وجہ سے سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہوچکی ہے۔
گرین شرٹس کا آغاز قدرے بہتر انداز میں ہوا، ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے 50 رنز جوڑے مگر اس کے بعد کھلاڑیوں کے پائوں پھسلنا شروع ہوگئے، ناہیدہ کو ٹومی سیکھو کھونے نے 37 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر کیا، اس وقت مجموعی اسکور 12 اوورز میں 50 رنز تھا، سدرہ امین نے 59 بالز پر 25 رنز بنائے، انھیں بھی ٹومی سیکھوکھونے نے ہی پویلین کیا۔
جویریہ خان 20 رنز پر حریف کپتان سنی لوئس کی گیند پر ٹریون کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں، ندا ڈار کو لوئس نے صرف 2 رنز پر ٹریون کی مدد سے ہی قابو کیا، 141 کے مجموعے پر پانچویں وکٹ گری جب کپتان بسمہٰ معروف 32 کے انفرادی اسکور پر شبنم اسماعیل کی وکٹ بن گئیں۔
اس موقع پر مساباٹا کلاس نے پاکستانی ویمنز بیٹنگ لائن پر زوردار حملہ کیا، انھوں نے عالیہ ریاض (17)، اومائمہ سہیل (5) اور سدرہ نواز (0) کو آئوٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، ثنا میر کو میریزین کاپ نے کھاتہ نہیں کھولنے دیا، کیچ ٹیرون نے تھاما، فاطمہ ثنا (1) کاپ کی وکٹ بنیں، اس طرح 5 وکٹ پر 146 رنز بنانے والی گرین شرٹس کی باقی 5 وکٹیں صرف ایک رن کے دوران گرگئیں، یوں پوری ٹیم 147 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
مساباٹا کلاس جنوبی افریقہ کی جانب سے ویمنز ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دینے والی دوسری بولر ہیں، ان سے قبل 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈین وان نیکریک یہ اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ون ڈے ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں دسویں ہیٹ ٹرک ہے۔
سن لوئس اور میریزین کاپ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقی اوپنرز لزیلی لی اور وولوارڈٹ نے گذشتہ میچ میں ناکام رہنے کی تلافی کرتے ہوئے ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا، لی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 43 بالز پر 40 رنز بنائے، ان کا کیچ اومائمہ سہیل کی گیند پر ثنامیر نے لانگ آف بائونڈری کے قریب تھاما۔
اینڈری اسٹین صرف 9 رنز بناکر ثنا میر کی گیند پر نشرح ساندھو کا کیچ بن گئیں، دوسری اوپنر وولوارڈٹ اور کپتان سنی لوئس نے ٹیم کو 36.4 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر ہدف عبور کرادیا، اوپنر 104 بالز پر 74 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ لوئس نے 21 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، ثنا میر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرکے زیادہ (146)وکٹیں لینے والی اسپنر کا ریکارڈ برابر کردیا