ممبئی:
بالی ووڈ میں ’دلبر گرل‘ کے نام سے مشہور مراکشی اداکارہ نورا فاتحی نے پاکستانی سپر اسٹارماہرہ خان کی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے خاموشی توڑدی ہے۔
گزشتہ دنوں میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ ماضی کے مشہور گیت ’دلبردلبر‘ پر آئٹم نمبر کرکے شہرت حاصل کرنے والی بالی ووڈ کی آئٹم گرل نورا فاتحی کو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی آنے والی فلم ’سپر اسٹار‘ میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نورا بالی ووڈ کی طرح اس فلم میں بھی آئٹم نمبر کرتی نظر آئیں گی۔
نورا کی پاکستانی فلم میں شمولیت کی خبر نے ان کے پاکستان میں موجود چاہنے والوں کو پُرجوش کردیا تھا، تاہم نورا کی جانب سے پاکستانی فلم سائن کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا لیکن اب نورا نےاس معاملے پر خاموشی توڑدی ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ نورا ماہرہ خان کی فلم ’سپراسٹار‘ میں جلوہ گر ہوں گی
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فاتحی نے فلم ’سپر اسٹار‘ میں آئٹم نمبر کرنے کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ افواہ کہاں سے پھیلی، تاہم میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، نہ میں نے کوئی پاکستانی فلم سائن کی ہے اورنہ ہی فلم ’سپراسٹار‘ میں ڈانس نمبر کررہی ہوں بلکہ میں تو یہ خبر سن کر حیران ہوں۔ نورا نے مزید کہا اس وقت میرا دھیان مکمل طور پر اپنے کیریئر پر ہے آئٹم سونگز پر نہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں فلم ’سپر اسٹار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مد مقابل اداکار بلال اشرف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔