قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا میں مزید 2 پولیو کیسز کی تصدیق کردی


پشاور: قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا میں مزید 2 پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ایک کیس بنوں اور دوسرا شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوا ہے، دونوں بچوں نے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو ویکسین نہیں لی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو کی بڑی وجہ والدین کا پولیو قطرے پلانے سے انکار ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ان 2 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے ماشوخیل میں اہل علاقہ نے مرکز صحت پر حملہ کرتے ہوئے وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا اور اسے آگ لگا دی تھی جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ 100 سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی۔

بچوں کے بیہوش ہونے کی جعلی ویڈیو بنائے جانے کا منظر خوش قسمتی سے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا، ایک ویڈیو میں پولیو ویکسین پینے والے بچوں سے ایک شخص پشتو میں یہ کہتے سنا گیا، کہ تم کو غلط قطرے پلائے گئے ہیں مگر بچے اس پر ہنستے ہوئے دکھائی دیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں