کینیڈین نژاد مراکشی اداکارہ نورا فتیحی سے متعلق افواہیں تھیں کہ وہ ماہرہ خان کی نئی فلم ’سپر اسٹار‘ میں آئٹم نمبر گانے پر پرفارم کریں گی جس کی انہوں نے تردید کردی ہے۔
نورا فتیحی بالی وڈ کی متعدد فلموں میں آئٹم نمبر گانوں پر پرفارم کرچکی ہیں لیکن سب سے زیادہ شہرت جان ابراہم کی فلم ’ستیا مے جیاتے‘ میں سشمیتا سین کے ماضی کے مقبول گانے ’دلبر دلبر‘ پر ڈانس کر کے سمیٹی۔
سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نورا فتیحی نے پاکستانی فلم ’سپر اسٹار‘ جس میں ماہرہ خان مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، اس میں آئٹم نمبر گانے پر پرفارم کریں گی۔
اس حوالے سے نورا فتیحی نے بھارتی نیوز ایجنسی ڈی این اےکو ایک بیان میں کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم ان افواہوں کا آغاز کہاں سے ہوا ہے، میں ’سپر اسٹار‘ میں کوئی آئٹم نمبر کر رہی ہوں نہ ہی میں نے کوئی پاکستانی فلم سائن کی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں تو یہ خبر پڑھ کر کچھ دیر کے لیے حیران ہوگئی تھی، میں سب کو واضح کرتی چلوں کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، اس وقت میں آئٹم نمبر گانوں کے بجائے صرف اداکاری پر توجہ دے رہی ہوں‘۔