جڑواں شہروں میں آندھی اور طوفانی بارش سے بجلی معطل، کئی پروازیں منسوخ


اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی اور تیز بارش کے باعث بجلی کے کئی فیڈر ٹرپ گئے جب کہ پروازوں کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز آندھی اور طوفان کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث متعدد علاقوں میں درخت گر گئے۔

اسلام آباد میں آئیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

بارش اور خراب موسم کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول مثاثر ہوا ہے۔

پی آئی اے اور دیگر ائیر لائنز کی 8 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

راولپنڈی اور گردونواح میں بھی تیز آندھی اور بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

ترجمان میٹرو بس کا کہنا ہے کہ تیز آندھی کے باوجود میٹرو بس سروس جاری ہے اور بس سروس معطل کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ آئندہ دو دنوں میں بھی بارش، طوفان اور ژالہ باری کا امکان ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں