مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فوج نے وادی کے ضلع اننت ناگ کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کر کے دو افراد کو شہید کردیا۔

قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ سرچ آپریشن اور جعلی مقابلوں میں 26 افراد کو شہید کیا اور حراست میں رکھے گئے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب نئی دلی کی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کو 24 مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیا جب کہ بھارت کے تحقیقاتی ادارے نے سید علی گیلانی کے نواسے کو بھی نئی دلی طلب کرلیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں