بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے خاتون ورکر جاں بحق

بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے خاتون ورکر جاں بحق


کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹرسائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین جاں بحق ہوگئی جب کہ 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئی جسے فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق واقعے کے بعد سلطان زئی کے علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

نوشہرو فیروز میں ایک شخص کا پولیو ٹیم پر تشدد

دوسری جانب سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے شاہی بازار میں ایک شخص نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرکے ٹیم کو گھر سے نکال دیا۔

پولیو ٹیم شکایت درج کرانے تھانے پہنچے تو شہری اور اس کے ساتھیوں نے ٹیم کے ڈرائیور پر تشدد بھی کیا جس کے بعد پولیو ورکرز نے ملزمان کی گرفتاری اور تحفظ کی فراہمی تک مہم چلانے سے انکار کردیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ معاملے کی انکوائری کررہے ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کرکے گرفتاری کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں