تمام قوتیں کالعدم تنظیموں کے بجائے دہشتگردی کے متاثرین کو قومی دھارے میں لائیں: بلاول


کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ وہ ملک کی تمام قوتوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ قومی دھارے میں لانا ہے تو دہشت گردی کے متاثرین کو لائیں کالعدم تنظیموں کو نہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہزار گنجی خودکش حملے میں جاں بحق ہزارہ برداری کے لواحقین سے اظہار افسوس کے لیے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے ہزارہ برادری سے اظہار افسوس کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ہے کہ اتنا خون بہہ جانے کے باوجود ریاست فیصلہ نہیں کرسکی کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہے یا شہدا کےساتھ، حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا، کب تک دوغلی پالیسی جاری رہےگی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی انتہاپسندی کے خلاف اکیلا نہیں لڑسکتا مگر ہمیں اپنے مستقبل کے لیے فیصلہ کرنا پڑے گا،  ہمیں اس انتہا پسند ذہنیت کےخلاف لڑنا ہے، ہم جب انصاف مانگتے ہیں تو ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے، کالعدم تنظیموں کے خلاف بات کرتا ہوں تو ملک دشمن کہا جاتا ہے، ہم ملک دشمن ہیں یا وہ کالعدم تنظیمیں جو ہمارے بچوں کو قتل کررہی ہیں؟

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ’ملک کی تمام قوتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ قومی دھارے میں لانا ہے تو دہشت گردی کے متاثرین کو لائیں کالعدم تنظیموں کو نہیں‘۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں بھی شہید کا بیٹا ہوں ملک کو انتہاپسندوں سے پاک کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،  پوری سیاسی زندگی اس کام کے لیے ہوگی کہ اپنے ملک کو انتہاپسندوں سے پاک کروں تاکہ ہم امن کے ساتھ اس ملک میں زندگی گزار سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور مظلوم عوام کو تحفظ دینا پڑے گا


اپنا تبصرہ لکھیں