کھٹمنڈو: نیپال کے ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ اڑان بھرنے کے دوران رن وے کے قریب کھڑے دو ہیلی کاپٹروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
طیارے کا حادثہ نیپال کے ماؤنٹ ایورسٹ پہاڑی سلسلے میں واقع لکلا ایئرپورٹ پر پیش آیا جسے طیاروں کے اڑان بھرنے اور لینڈنگ کے اعتبار سے دنیا کا خطرناک ترین ایئرپورٹ کہا جاتا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سمٹ ایئر کا طیارہ ایل ای ٹی 410 اڑان بھرنے کے دوران رن وے سے پھسل کر قریب کھڑے 2 ہیلی کاپٹروں سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں معاون پائلٹ اور 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ تین زخمیوں کو کھٹمنڈو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال سیکڑوں سیاح دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی تگ و دو میں لکلا ایئرپورٹ سے ہی روانہ ہوتے ہیں اور خاص طور پر موسم بہار میں اس ایئرپورٹ پر زیادہ رش بڑھ جاتا ہے۔