بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی پر مبنی فلم پر پابندی عائد


نئی دہلی: بھارتی الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ‘نریندرا مودی’ کی ریلیز پر انتخابات کے اختتام تک پابندی عائد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی بائیو پک فلم کل 11 اپریل کو ریلیز ہونا تھی لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات سے قبل فلم کو ریلیز کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نریندر مودی کی بائیوپک بھارتی انتخابات سے قبل ریلیز نہیں کی جائے گی، انتخابات مکمل ہونے کے بعد ہی فلم کی نمائش کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعت کانگریس نے فلم کی ریلیز کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ فلم کی ریلیز الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے فلم کی ریلیز روکنے کے لئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے یہ کہہ کر کانگریس کی درخواست مسترد کردی تھی کہ ایسے غیر مناسب مسائل پر عدالت کا وقت ضائع نہ کیا جائے۔

بھارتی سپریم کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز اور ٹائٹل کا انتخاب کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت میں نریندر مودی کے حوالے سے دو رائے پائی جاتی ہیں، ایک رائے انہیں بھارت کا ابھرتا ہوا معاشی چہرہ قرار دیتا ہے جب کہ دوسرا حلقہ انہیں عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والا شخص قرار دیتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں