لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ سے قبل تین کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی کے طور پر انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ 13 رکنی سپورٹ اسٹاف شامل ہوگا۔
انگلینڈ میں آئندہ ماہ کی 30 تاریخ کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی کے طور پر انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل ہی وطن واپس آجائیں گے۔
18 اپریل کو سلیکٹرز جب فٹنس ٹیسٹ کے بعد سر جوڑ کر بیٹھیں گے تو وہ ورلڈ کپ کے لئے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے جب کہ تین مزید کھلاڑیوں کو مین ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے انگلینڈ بھیجا جائے گا۔
اگر 23 مئی کو سپورٹ پیریڈ سے قبل کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوجاتا ہے تو اس کی جگہ تین اسٹینڈ بائیز میں سے کوئی کھلاڑی لے گا، ورنہ اسٹینڈ بائی کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل وطن واپس آجائیں گے۔
اسٹینڈ بائے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے، ایک ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اور تین کاؤنٹی میچوں میں ضرورت پڑنے پر کھیل سکتے ہیں۔
18 اپریل کو ٹیم کے اعلان کے بعد پی سی بی فہرست آئی سی سی کو بھیج دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کلیئر ذہن کے ساتھ ورلڈ کپ میں شریک ہوں۔
پاکستانی ٹیم کے ساتھ 13 آفیشلز بھی معمول کی ٹیم انتظامیہ ہوگی جس میں منیجر طلعت علی ملک، اسٹنٹ منیجر منصور رانا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ بریڈ برن، بولنگ کوچ اظہر محمود، فٹنس ٹرینرگرانٹ لوڈن، فزیوکلف ڈی کون، مساجر ملنگ علی، میڈیا منیجر رضا راشدکچیلو، ویڈیو انالسٹ طلحہ اعجاز، سیکیورٹی آفیسر، سائیکولوجسٹ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق اس وقت تبلیغی جماعت کے ساتھ لاہور سے باہر ہیں، اس لئے فٹنس ٹیسٹ میں مزید کھلاڑیوں کو بلانے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔