اوپننگ جوڑی کی ناقص کارکردگی ورلڈکپ میں بہت بڑا دھچکا ہوگا، محسن خان


پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ اوپننگ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی ورلڈکپ میں بہت بڑا دھچکا ہوگا۔

خبر رساں ادارے  اے پی پی کے مطابق محسن خان نے کہا کہ ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ مستحکم نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے صرف دو کھلاڑیوں پر دباؤ پڑ جاتا ہے، ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان خصوصی اور مضبوط اوپنرز کی جوڑی کا انتخاب کرے۔

محسن خان نے ورلڈکپ جیتنے کے لیے قومی ٹیم میں موجود آل راؤنڈرز کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے معیاری آل راؤنڈرز اہم کردار ہوتے ہیں۔

کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بہتر کارکردگی کے لیے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس سے زیادہ ذہنی فٹنس ضروری ہے۔

محسن حسن خان نے مزید کہا کہ آپ کو لازمی ایک سخت مقابلہ دینے والی ٹیم کے خلاف دماغی طور سے تیار رہنا چاہیے کیونکہ ایک اچھی ٹیم اور کھلاڑی ہمیشہ دباؤ میں پرفارم کرتے ہیں لیکن پاک آسٹریلیا سیریز میں قومی کھلاڑی تناؤ اور ذہنی فٹنس کے باعث اچھا پرفارم نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 5 سے 7 فاسٹ بولرز کے آپشنز ہیں جو ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں جب کہ انگلینڈ کے موسم میں تبدیلی کی وجہ سے اسپنرز کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں