چوتھا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف


پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلد ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

پانچ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

میکسویل 98 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شعیب ملک کے انجرڈ ہونے کے باعث قومی ٹیم کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں۔

شعیب ملک کی قیادت میں کھیلے گئے ابتدائی تینوں میچوں میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی اور پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کی۔

پاکستان نے ٹیم میں شعیب ملک اور امام الحق کی جگہ دو نوجوان کھلاڑیوں سعد علی اور عابد علی کو موقع دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی آج اپنا ڈیبو کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں