اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رکن قومی اسمبلی اعجاز شاہ کو پارلیمانی امور کا وفاقی وزیر مقرر کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی جسے وزیراعظم نے منظوری کے لیے صدر مملکت عارف علوی کو بھیج دیا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنائے جانے کی تصدیق اپنی ٹوئٹ کے ذریعے کی۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سفارش پر صدرِ مملکت نے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق اعجاز شاہ پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ 2004 سے 2008 تک انٹیلی جینس بیورو کے سربراہ رہے۔