لاہور: عدالت نے علی ظفر کے وکیل کی درخواست پر ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہرجانے کا کیس 15 اپریل تک نمٹانے کا حکم دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ لاہور میں علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہرجانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیس ایک سال سے زیر سماعت ہے، میشا شفیع مختلف طریقوں سے کیس کو التوا کا شکار کر رہی ہیں۔
سماعت کے دوران علی ظفر کے وکیل رانا انتظار نے درخواست کی کہ عدالت کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کرے کیونکہ میشا شفیع کے جھوٹے الزامات سے گلوکار کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، عدالت میشا شفیع کو 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔
علی ظفر کے وکیل کی استدعا پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد کو 15 اپریل تک کیس نمٹانے کا حکم دے دیا۔