مُلا عبدالغنی برادر امریکا سے مذاکرات کیلئے دوحا پہنچ گئے


دوحا: افغان طالبان کے ڈپٹی لیڈر ملا عبدالغنی برادر امریکا سے مذاکرات کیلئے قطر کے دارالحکومت دوحا پہنچ گئے۔

امریکی اخبار کے مطابق ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں افغان طالبان کا وفد پیر سے دوحا میں شروع ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ یہ اب تک افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی سب سے اعلیٰ سطح کی میٹنگ ہے۔

پیر سے شروع ہونے والے مذاکرات میں گزشتہ 17 برس سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کے فریم ورک پر غور کیا جائے گا جس پر گزشتہ ماہ دوحا میں ہی ہونے والے مذاکرات میں اتفاق کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے اب تک افغان حکومت کو دور رکھا گیا ہے کیوں کہ افغان طالبان اپنی حکومت سے بات کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔

تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حتمی معاہدہ ہونے کے بعد طالبان کو افغان حکومت سے بات کرنی ہوگی اور باضابطہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کرنا ہوگا۔،

مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کریں گے۔

خیال رہے کہ 27 جنوری 2019 کو دوحا میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان گزشتہ 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا تھا۔

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 18 ماہ کے اندر افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء پر اتفاق کیا گیا تھا۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ جنگ بندی کا شيڈول آئندہ چند روز میں طے کیا جائے گا جبکہ طالبان جنگ بندی کے بعد افغان حکومت سے براہ راست بات کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں